پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی کی اولین ترجیحات میں انسانی حقوق کا تحفظ اور فروغ شامل ہے،آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور بھی ایسی ہی ترجیحات کا مظہر ہوگا۔ انسانی حقوق کے عالمی دن پر پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ قائد عوام شہید بھٹو نے انسانی حقوق کے تحفظ کو اس متفقہ آئین کے توسط سے یقینی بنایا، جو قوم کو ان کا تحفہ ہے۔شہید بھٹو نے بذریعہ آئین تمام شہریوں کے لیے خواہ وہ مسلم ہوں یا غیر مسلم، یکساں آزادیاں اور حقوق کا تعین کیا۔سندھ میں پارٹی کی سابقہ عوامی حکومت نے انسانی حقوق کی ایک جامع پالیسی منظور کی۔مذکورہ پالیسی کا مقصد یقینی بنانا ہے کہ صوبائی حکومت کا ہر حصہ تمام شہریوں کے انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ سابقہ سندھ حکومت نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی معاہدوں پر عمل درآمد کے لیے محکمہ انسانی حقوق کے تحت ٹریٹی امپلیمینٹیشن سیل (ٹی آئی سی)قائم کیا۔سابقہ سندھ حکومت نے ٹی آئی سی کو مضبوط بنا کر ان عالمی معاہدوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جن کی حکومتِ پاکستان نے توثیق کی تھی۔انہوں نے کہاکہ سندھ کی عوامی حکومت نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے شکار غریب متاثرین کو مفت قانونی معاونت کے لیے بھی اقدام کیے۔پاکستان میں تمام شہریوں بالخصوص اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور ان خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے طریقہ کار وضع کیا گیا ہے،بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔خواتین، بچوں یا معاشرے کے کمزور طبقات کے خلاف مظالم کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں مسلسل جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالی عالمی امن کے لیے خطرہ ہے اور انسانیت کی توہین ہے۔عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر اور غزہ میں جاری جارحیت کا بلاتاخیر نوٹس لینا ہوگا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے بانی چیئرمین شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ویژن کے مطابق انسانی حقوق کے لیے جدوجہد کرتی رہے گی۔ہم نے ملک میں انسانی حقوق پر کام کرنے کے لیے پارٹی کا انسانی حقوق سیل قائم کیا ہے