سندھ اسمبلی کا اجلاس ہفتہ کوطلب کرلیا گیا، نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ۔نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس ہفتہ کی صبح 11بجے ہوگا، جس میں نومنتخب اراکین حلف اٹھائیں گے۔سندھ اسمبلی کے اجلاس164 ارکان حلف اٹھائیں گے۔ ایوان میں پیپلز پارٹی 114ارکان کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔نومنتخب ارکان سندھ اسمبلی کی حلف برداری کے لئے ہونے والے اجلاس کی صدارت اسپیکر آغا سراج درانی کریں گے۔ارکان کے حلف کے بعد سندھ اسمبلی میں نئی مدت کے لئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب عمل میں لایاجائے گا۔ تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے آزاد ارکان کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے بعد خواتین کی دو اور اقلیت کی نشست پر نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جا سکاجبکہ کراچی میں پی ایس 129پر کامیاب قرار پانے والے جماعت اسلامی کے نعیم الرحمن اور دادو میں پی ایس 80سے کامیابی حاصل کر کے انتقال کرنے والے پیپلز پارٹی کے عبدالعزیز جونیجو کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری نہیں کیا جا سکا۔ سندھ اسمبلی میں آزاد حیثیت میں جیت کر سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے والے ارکان کی تعداد فی الحال 10ہے جبکہ انہیں تین مخصوص نشستیں بھی مل سکتی ہیں۔ اجلاس کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں اور تزئین و آرائش کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ اجلاس کے موقع پر کسی غیر متعلقہ شخص کو اسمبلی کے احاطے میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔