میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ اسپنسر آئی اسپتال کراچی کا اثاثہ ہے ،اسے تباہ نہیں ہونے دیں گے، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری ہر صورت یقینی بنائی جائے، کوتاہی کے مرتکب افراد کو معاف نہیں کریں گے،طبی اداروں کو بہتر بنانا کیلئے جو بھی اقدامات ضروری ہوئے کئے جائیں گے۔ میئر کراچی نے اسپنسر آئی اسپتال کے اچانک دورہ کیااس موقع پر میونسپل کمشنر کے ایم سی سید افضل زیدی اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، اسپنسر آئی اسپتال کے مختلف وارڈز ، آپریشن تھیٹر، ریفرکشن روم اور ڈاکٹرز کے کمروں کا معائنہ کیا اور عملے کی حاضری کا رجسٹر چیک کیا، انہوں نے آنکھوں کے علاج کی جدید سہولیات سے متعلق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جبار انصاری سے معلومات لیں اور انہیں ہدایت کی کہ اسپتال میں آنکھوں کے علاج معالجے کے لئے جدید طریقہ کار اختیار کیا جائے اور اس سلسلے میں تمام آلات اور مشینری کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ اسپنسر آئی اسپتال میں صفائی ستھرائی اور سیکورٹی کے انتظامات کو بھی بہتر بنایا جائے گا اور او پی ڈی میں آنے والے مریضوں کے لئے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی، اسپتال کی انتظامیہ کو اس بات کا پابند بنایا جا رہا ہے کہ وہ اپنے فرائض کو پورا کرے اور یہاں علاج کے لئے آنے والے مریضوں کو ہرممکن بہتر سہولیات فراہم کرے، اسپنسر آئی اسپتال کو فعال کرنے کے لئے جو بھی ضروریات ہیں انہیں پورا کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو امراض چشم کے حوالے سے ہرممکن بہتر اور معیاری سہولیات فراہم کی جاسکیں۔