برطانیہ بہت جلد ایسے ایئر کرافٹس فضا میں بلند کرسکتا ہے جو ماحول دوست ہوں گے۔ ہیلیم گیس کے ذریعے اڑائے جانے والے ایئر شپس کی طرز پر ایئر لینڈر 10 جدید ترین ٹیکنالوجیز کی مدد سے تیار کیے جارہے ہیں۔ ایئر شپ کے جدید ترین ورژن میں سفر کرنے والے فضا میں ہر طرف کے نظاروں سے محظوظ ہوسکیں گے۔لندن کے شمال میں بیڈفورڈ کے نواح میں قائم کمپنی ہائبرڈ ایئر وہیکلز (ایچ اے وی)کا کہنا تھا کہ یہ ایئر لینڈر ایئر شپ تجارتی پیمانے پر 2028سے قبل لانچ نہیں کیے جاسکیں گے۔ جدید ایئر شپ 300فٹ لمبا ہوگا۔ اس میں ہیلیم گیس بھری ہوگی۔ اسے انجن پروپیلرز کی مدد سے اڑایا جائے گا۔ یہ انجن روایتی ایندھن کے حامل ہوں گے۔ایچ اے وی کے چیف ایگزیکٹیو ٹام گرنڈی نے بتایا کہ ایئر شپ بہت بڑا اور خاصا چوڑا ہوگا۔ اس میں سفر بہت پرسکون انداز سے ہوگا۔ ایئر شپ کے مسافر آبزرویشن لانج میں بیٹھ کر سامنے کے وسیع تر نظارے سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔