کراچی کی وکلا برادری کی جانب سے فلسطین میں اسرائیلی جارحیت ودہشت گردی کے خلاف اور اہل غزہ وفلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی بار ایسوسی ایشن آفس سے ایم اے جناح روڈ وکلا غزہ مارچ منعقد کیا گیا،مارچ کی قیادت امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کی، اس موقع پر کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر عامر سلیم، کراچی بار کے سابق صدر نعیم قریشی، سکریٹری جنرل جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، سٹی کونسل میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر سیف الدین ایڈوکیٹ، عبد الصمد ایدوکیٹ،ڈپٹی پارلیمانی رکن قاضی صدر الدین، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے وکلا غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کراچی بار ایسوسی ایشن پوری وکلا برادری خراج تحسین کی مستحق ہے کہ انہوں نے فلسطین میں جاری اسرائیلی دہشت گردی کی مذمت کی۔آج ہم وکلا برادری کے ساتھ مل کر اسرائیل اور امریکہ سمیت عالم اسلام کے حکمرانوں کی مذمت کے لیے بھی جمع ہوئے ہیں جو مسجد اقصی کی آزادی کے لیے آواز نہیں اٹھاتے اور صیہونی ایجنٹوں کا کردار ادا کرتے ہیں،وکلا برادری کا فلسطین کے حق میں احتجاج اس بات کی علامت ہے کہ فلسطین میں اسرائیل کی ناپاک ریاست کے قیام کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔انہوں نے کہاکہ اسرائیل 77سال سے اہل غزہ اورفلسطینی ماں،بہنوں اور بیٹیوں کو شہید کررہا ہے، اسرائیل حماس کے مجاہدین سے تومقابلہ نہیں کرسکتا اس لیے فلسطینی بچوں اور عورتوں پر فضائی حملہ کر کے شہید کررہا ہے۔فلسطینی ماں، بہنوں اور بیٹیوں پر بمباری بند کراناعالم اسلام کے حکمرانوں اورافواج پر فرض ہے، اگر یہ لوگ فلسطینی مسلمانوں کا ساتھ نہیں دے سکتے تو ان کو اقتدار سے ہٹانا ہم سب پر فرض ہے۔ جماعت اسلامی کی اسرائیلی جارحیت کے خلاف تحریک جاری ہے،ایسے حکمران طبقے کے خلاف تحریک کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے جو غلامی کی زندگی بسر کرتے ہیں اور اپنی قوم کو بھی غلام بنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ کراچی بار ایسوسی ایشن سمیت پوری وکلا برادری آج قائد اعظم کے فرمان کی حمایت کررہی ہے کہ اسرائیل ایک ناپاک اور ناجائز ریاست جسے کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا،پاکستان بننے سے قبل بھی آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں بھی قرارداد منظور کی گئی کہ فلسطین صرف ایک ریاست ہے،پاکستان میں موجود امریکہ اور اسرائیل کے ایجنٹ دوریاستی حل کی بات کرتے ہیں،ہم انہیں بتادینا چاہتے ہیں کہ کوئی دوریاستی حل نہیں،ریاست صرف اور صرف فلسطین کی ہے،اسرائیل نے زبردستی فلسطین پر تسلط قائم کیا ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیاجائے گا۔عامر سلیم ایڈوکیٹ نے کہاکہ کراچی بار ایسویسی ایشن کے وکلا کا احتجاج اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ہمارے دل اہل غزہ اور فلسطینیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، ہم اہل غزہ اور فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ ہیں، ہم اسرائیل کی جانب سے جاری دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں اور پاکستان کے حکمرانوں سمیت تمام عالم اسلام کے حکمرانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ فلسطینی مسلمانوں کا ساتھ دیں۔کراچی بار ایسوسی ایشن نے سٹی کورٹ کی حدود میں تمام اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے،ہم چاہتے ہیں کہ پورے پاکستان اور عالمی سطح پر اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کر کے فلسطینیوں کا ساتھ دیا جائے۔شاہدعلی خان ایڈوکیٹ نے کہاکہ اسرائیل 77سال سے فلسطینی مسلمانوں کوشہید کررہا ہے اور امریکہ اسرائیل کی پشت بانی کررہا ہے، حماس کے مجاہدین کی مزاحمت اور فلسطینی مسلمانوں کی استقامت سے فسلطین سے اسرائیلی تسلط ختم ہوکر رہے گا۔